.خواتین کی شمولیت کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں: پروفیسر زکریا ذاکر وائس چانسلریونیورسٹی اوکاڑہ

خواتین کو معاشرتی دھارے میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے: مقررین، اوکاڑہ یونیورسٹی میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے سیمینارکا انعقاد
خواتین کو معاشرتی دھارے میں شامل کیے بغیر دیرپا معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنا نا ممکن ہے، ان خیالات کا اظہار اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے منعقد ہونے والے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خواتین معاشرے کی نصف آبادی سے زیادہ ہیں اور یہ وقت کی اہم ضرورت ہےکہ ان کوتعلیم سے آراستہ کیا جائے اور معاشرتی دھارے کا حصہ بنایا جائے تاکہ وہ نہ صرف اپنی بلکہ اپنے خاندان اور معاشرے کی اصلاح اور بہتری کے لیےکام کر سکیں۔
وائس چانسلر نے بتایا کہ ہم محض خواتین کو تعلیم دے کر بہت سے معاشی اور معاشرتی مسائل حل کر سکتے ہیں جیسا کہ کم عمری کی شادیاں، آبادی میں بے ہنگم اضافہ، غربت، ناقص غذا اور زچہ بچہ کی شرح اموات۔
یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق اوکاڑہ یونیورسٹی پورے خطے میں صنفی تفریق ختم کرنے کے لیے کوشاں ہے کیونکہ اس وقت یونیورسٹی میں طالبات کی تعداد ستر فیصد سے زائد ہےاور ان میں سے اکثریت کا تعلق دیہی اور غربت زدہ علاقو ں سے ہے۔ یہ خواتین اعلی تعلیم حاصل کرنے کے بعد خطے میں معاشرتی تبدیلی کی بنیاد رکھیں گی۔



